
بہاول پور(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی میٹرو پولین کارپوریشن بہاول پور کے صدر ملک امتیاز چنڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمجھتے ہیں کہ کسان کو مضبوط کرنا دراصل پاکستان کو مضبوط کرنا ہے۔ترقی کا اصل پیمانہ کسان کی خوشحالی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں پاکستان گندم کی قلت سے نجات پانے کے بعد برآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور بروقت خریداری اور منصفانہ قیمتوں کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کسانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پائیدار اور موسمیاتی لحاظ سے محفوظ زراعت میں سرمایہ کاری پر زور دیتے ہیں تاکہ چھوٹے کسان جدید ٹیکنالوجی اور منصفانہ منڈیوں کے ذریعے ترقی کریں۔انہوں نے حکومت کے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گندم کی خریداری اور سپورٹ پرائس کی منظوری پیپلز پارٹی کے دیرینہ مطالبات میں شامل تھے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپورٹ پرائس 3500 کے بجائے 4000 روپے ہوتی تو یہ کسانوں کے لیے مزید بہتر ہوتا۔ آمدنی ٹیکس 45 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کرنا کسانوں کے لیے ریلیف کا اہم اقدام ہے۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کسانوں کی عزت، خود کفالت اور زرعی بحالی کے عزم پر قائم ہے#





