
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 100 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں،ساڑھے 11 ارب روپے متاثرین کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو چکے ہیں جبکہ 20 ارب روپے بینک آف پنجاب کو ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے احکامات پر سیلاب متاثرین بحالی پروگرام کے حوالے سے خیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ تقریب سے خطاب
بہاولپور( اظہر علی دانش سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 100 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں،ساڑھے 11 ارب روپے متاثرین کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو چکے ہیں جبکہ 20 ارب روپے بینک آف پنجاب کو ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں۔ یہ بات سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب متاثرین بحالی پروگرام کے حوالے سے خیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سیلاب متاثرین کے ایک لاکھ80ہزار اکاؤنٹس کھولے گئے۔ سیلاب متاثرین کے کچے پکے مکانات اور فصلوں کے نقصانات کا ازالہ باعزت طریقے سے کیا جا رہا ہے، نقد رقم اور ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تمام متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 26 دن کے قلیل عرصہ میں سیلاب متاثرین کے ازالے کا عمل شروع کرنا حکومتِ پنجاب کی بڑی کامیابی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے تمام مراحل اپنی ذاتی نگرانی میں مکمل کروائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب تاریخ کے بدترین سیلاب سے دوچار ہوا، انسانی آ بادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔20 لاکھ جانور محفوظ مقامات پر پہنچائے گئے۔ سیلاب کے دوران اتنا کام کیا گیا کہ عقل دنگ رہ گئی۔ حکومت نے ایک مٹھی کی طرح اکٹھے ہو کر کام کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صرف ایک ماہ میں ازالے کا آغاز کر دیا گیا، جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اتنی کم مدت میں ریسکیو، ریلیف، سروے اور مالی ازالے کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔خیرپور ٹامیوالی میں وزیراعلیٰ مریم نواز بحالی پروگرام کے تحت متاثرینِ سیلاب میں نقد امداد کی تقسیم کی تقریب جناح اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب احمد بھرتھ، مسلم لیگی رہنما سعود مجید شریک ہوئے۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر رانا طارق، سعدیہ بلال، سابق ایم پی اے افضل گل، کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں، ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید،ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مالی امداد وصول کرنے کے لیے آئے ہوئے سیلاب متاثرین سے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے 27 اضلاع کی 72 تحصیلوں میں سیلاب متاثرین کا سروے 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب کے دوران موبائل اسپتال اور کلینک آن وہیلز متاثرہ علاقوں میں سرگرم رہے۔سیلاب زدہ علاقوں میں 15 لاکھ افراد کا علاج کیا گیا۔ بہترین اقدامات کی بدولت وبائی امراض نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی سیلاب کے دوران 18 لاکھ کیوسک پانی دریاؤں سے گزارا لیکن وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں فلڈ ریسکیو، انخلا اور بحالی کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے کہا کہ وہ 24 سال سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور ذاتی طور پر پاکستان مسلم لیگ ن کے شکر گزار ہیں کیونکہ وہ ملک میں عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 11 بیراج میں سے 9 بیراج کی مرمت بحالی قبل از وقت کر لی گئی جس سے سیلاب کے دوران کوئی نقصان نہیں رپورٹ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان کی علاقے میں جتنے بھی ترقیاتی کام نظر آتے ہیں وہ صرف اور صرف پاکستان مسلم لیگ نون کی قیادت وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور محمد نواز شریف کی مرہون منت ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پاکستان مسلم لیگ ن سعود مجید نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے محنتی ایماندار اور فرض شناس وزراء کی جو ٹیم منتخب کی انہوں نے دن رات ایک کر کے سیلاب کے دوران عوام کی خدمت کی اور نقصانات کی کڑی نگرانی اور ان کو کم سے کم کروانے پر اپنی تمام توانائیاں صرف کیں۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں نظر انے والے ترقیاتی کاموں میں پاکستان مسلم ن کی واضح چھاپ نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہاولپور میں یونیورسٹیوں کالجز سول ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پاکستان مسلم لیگ ن کے شکر گزار ہیں۔





