
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی”اپنی زمین اپنا گھر“ سکیم میں ابتدائی طور پر 14 ہزار درخواستیں اہل قرار پائیں ہیں، مکمل سکروٹنی کے بعد اہل بے گھر خاندان مستفید ہونگے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب کی زیرِ صدارت اہم اجلاس
بہاول پور:31/ اکتوبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب کی زیر صدارت وزیرِ اعلیٰ پنجاب ”اپنی زمین اپنا گھر“ اسکیم کے تحت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عظیم ذیشان، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر صدر قرۃ العین، ڈپٹی ڈائریکٹر فاٹا سید حامد حسین اور فوکل پرسن”اپنی زمین اپنا گھر“ حماد الحنان شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب ”اپنی زمین اپنا گھر“ اسکیم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اسکیم سے متعلق دی جانے والی درخواستوں، اہل امیدواروں اور سکروٹنی کے عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 22 ہزار شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب ”اپنی زمین اپنا گھر“ اسکیم کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ جن میں سے 14 ہزار درخواستیں ابتدائی طور پر اہل قرار پائی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام موصولہ درخواستوں کی مکمل سکروٹنی اور پولیس ویریفکیشن کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سکروٹنی کے دوران یہ بھی چیک کیا جائے گا کہ درخواست گزار کے نام پر کوئی اور جائیداد تو موجود نہیں ہے اور وہ اسکیم کے لیے قواعد و ضوابط کے مطابق اہل ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال میرٹ پر کی جائے اور عوام کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس سہولت سے بھرپور فائدہ پہنچانے کے لیے شفاف اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔





