Jamaat-e-Islami and Alkhidmat Foundation Distribute Aid Among Flood Victims in Chani Goth

بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر) امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب و سربراہ الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر اور چیئرمین کسان بورڈ پاکستان جام حضور بخش لاڑ نے کہا ہے کہ مسلمان ایک دوسرے کے بھائی اور ایک جسم کی مانند ہیں، مخلوقِ خدا کی خدمت ہمارا پہلا دینی فریضہ ہے۔ حکومتوں کی 78 سالہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے باعث سیلاب کی تباہ کاریاں بڑھیں۔ آبی ذخائر کی بروقت تعمیر ہوتی تو نہ سیلاب کی شدت اس قدر ہوتی اور نہ ہی ملک پانی کی کمی کا شکار بنتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنی گوٹھ کے موضع حاصل لاڑ میں سیلاب زدگان تقسیمِ راشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کسان بورڈ نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔ سیلاب کے باعث 30 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے جو عوام کی بدقسمتی اور حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ تباہی اللہ کا عذاب نہیں بلکہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی مسلسل غفلت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضاکاران نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے دن رات میدانِ عمل میں رہتے ہوئے جرات و بہادری کی بے مثال خدمات انجام دیں، جنہیں ہم خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ پوری دنیا اس وقت جنگ و جدل اور انتشار کا شکار ہے جبکہ اسلام ہمدردی، خیر خواہی اور امن کا دین ہے۔ نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کا نظام ہی دنیا کو فساد اور تباہی سے نجات دلا سکتا ہے۔انہوں نے حکومتی امدادی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہر حکومتی امداد کے پیچھے خود نمائی چھپی ہوئی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لیے مؤثر اور دیرپا منصوبہ بندی کی جائے۔ جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیمیں الخدمت فاؤنڈیشن اور کسان بورڈ عوام کے تعاون سے انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت مصروفِ عمل ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکل وقت میں اللہ کی طرف رجوع کریں اور ایسے نمائندوں کو منتخب کریں جو صاحبِ کردار ہوں، تاکہ قوم کو حقیقی معنوں میں خدمت گزار قیادت میسر آسکے۔ الخدمت فاؤنڈیشن سابق صدر چیمبر آف کامرس بہاولپور ملک سرفراز ناظم کے تعاون سے چنی گوٹھ، بیٹ بختیاری، بلہ جھلن اور پتنی میں اشیاء خوردونوش اور نقد رقم کے 200 پیکٹ تقسیم کئے، قبل ازیں سابق صدر چیمبر آف کامرس بہاولپور ملک سرفراز ناظم، سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق، سابق ممبر ضلع کونسل بہاولپور جام محمد علی لاڑ، سابق ممبر ضلع کونسل بہاولپور چوہدری نصیر احمد ناصر، فیاض خان بلوچ، شازیہ نورین، محمد اسماعیل، اللّٰہ دتہ بوہڑ، خادم حسین ندیم اور دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر کسان بورڈ عارف حسین عاصم بھی موجود تھے۔

Leave a Comment