
بہاول پور:8/ نومبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) اتائیوں اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کے خلاف محکمہ صحت بہاولپور کی مؤثر کارروائیوں کے دوران درجنوں اتائی مراکز سیل کر دیئے گئے۔ صوبائی وزیرِ صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ نادیہ ثاقب جبکہ سپیشل سیکرٹری ساوتھ پنجاب شہباز نقوی کی ہدایات پرضلع بھر میں اتائیت اور غیر معیاری ادویات کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور ڈاکٹر عامر بشیر کی نگرانی میں 161 ہیلتھ کیئر اور میڈیکل مراکز کا معائنہ کیا گیا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 24 مراکز کو چالان جبکہ 22 مراکز کو موقع پر سربمہر کر دیا گیا۔ تمام کیسز کو ضابطے کی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ ضابطہ کی کارروائیوں میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈرگ کنٹرولرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز نے حصہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عامر بشیر نے بتایا کہ ضلع بہاولپور میں اتائیوں اور غیر قانونی طبی علاج کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ علاج کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری تب ہی ممکن ہے جب غیر ذمہ دار عناصر کا راستہ روکا جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک شکایت موصول ہونے پر متعلقہ ملازم کو فوری طور پر معطل کر کے کارروائی کے لیے سیکرٹری ہیلتھ کو تجویز ارسال کر دی گئی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اتائیت کے خلاف جنگ میں محکمہ صحت کا ساتھ دیں اور شہری ہمیشہ رجسٹرڈ ڈاکٹروں اور مستند ہسپتالوں سے علاج کروائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو دیں





