Bahawalpur: ADCG Muhammad Tayyab urges full support for CM Maryam Nawaz’s “Grow More Wheat” campaign

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ” زیادہ گندم اگاؤ مہم ” کیلئے محکمہ زراعت اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے ، کسانوں کو رہنمائی اور مکمل آگاہی فراہم کرنے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب
بہاول پور:4/ نومبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ زراعت (توسیع) کے افسران و عملہ فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں اور ”زیادہ گندم اُگاؤ مہم“ میں کسانوں کی بھرپور رہنمائی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ گندم کی کاشت کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس بہاول پور کے کمیٹی روم میں ”زیادہ گندم اُگاؤ مہم“ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب نے کہا کہ گندم کی بوائی کا سیزن شروع ہو چکا ہے، اس موقع پر محکمہ زراعت اور ریونیو کے افسران و عملہ سرکاری و نجی اراضی پر زیادہ گندم کاشت کرنے کے حوالے سے کسانوں کو مکمل آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کے افسران، عملہ اور زرعی گریجویٹس فیلڈ میں جا کر کسانوں کو سرٹیفائیڈ بیجوں اور کھادوں کے متناسب استعمال سے متعلق آگاہی دیں تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مزید کہا کہ کسانوں کو زراعت کے شعبے میں حکومت کے فلاحی اقدامات سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر (توسیع) محمد شفیق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بہاولپور میں گندم کی کاشت کا ہدف 7 لاکھ 61 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے اور ضلع بھر میں گندم کی بوائی کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیج اور کھاد کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ محکمہ زراعت توسیع کے افسران و عملہ کسانوں کو رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر قرۃ العین، کسانوں کے نمائندگان، فرٹیلائزر اور سیڈ کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

Leave a Comment