Bahawalpur: DC Farhan Farooq holds Revenue Public Service Camp for citizen facilitation

بہاول پور:3/ نومبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریونیو عوامی خدمت سروس کا انعقاد۔ ریونیو عوامی خدمت سروس حکومت پنجاب اور بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنر سٹی خلیل احمد سمیت ریونیو افسران و عملہ موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور دیگر افسران نے شہریوں کے محکمہ ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی تحریری احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ ریونیو عوامی خدمت سروس کے دوران ضلع بھر کی تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مختلف معاملات جیسے درستگی ریکارڈ، فردِ ملکیت کا اجرا، انتقالات کا اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کے اجرا اور محکمہ مال سے متعلقہ دیگر شکایات پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے اس پلیٹ فارم کے ذریعے شہریوں کو تمام ریونیو خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہر ماہ کے پہلے دو دن ریونیو عوامی خدمت سروس کا باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ عوامی مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔ اس موقع پر شہریوں کے لیے سایہ دار نشستوں، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ریونیو سے متعلق تمام عوامی شکایات کو فوری اور شفاف انداز میں حل کیا جائے۔ انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ ریونیو عوامی خدمت سروس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں اپنے مسائل پیش کیے جن پر ڈپٹی کمشنر نے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام درخواستوں پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے

Leave a Comment