
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں مہنگائی کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے اجلاس میں شریک افسران کو ہدایت کی کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رواں ماہ کے دوران بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اوورچارجنگ، ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بھی سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے پیرا فورس افسران، متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اپنی کارکردگی میں واضح بہتری لانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خلیل احمد، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عظیم ذیشان، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نعمان مسعود خان اور دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر گراں فروشوں کے خلاف 14 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 26 ہزار مقامات کی انسپکشنز عمل میں لائی گئیں، 629 افراد پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 96 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ضلع بھر میں مہنگائی، ناجائز منافع خوری اور پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی بھرپور مہم جاری ہے۔ ضلع میں مجموعی طور پر 26,781 انسپیکشنز کی گئیں، جب کہ درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا اور 14 لاکھ روپے سے زائد جرمانے وصول کیے گئے۔تحصیل بہاولپور سٹی میں 4,316 دکانوں کی چیکنگ کی گئی۔ اس دوران 325 دکاندار اوورچارجنگ میں ملوث پائے گئے جبکہ 3,952 دیگر خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 3,962 دکانداروں کو وارننگ جاری کیں جبکہ 315 افراد کو موقع پر جرمانہ عائد کیا۔جرمانوں کی مجموعی رقم 6 لاکھ 2 ہزار 500 روپے رہی، جب کہ 22 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تحصیل بہاولپور صدر میں 6,164 انسپیکشنز کیے گئے۔ 99 اوورچارجنگ اور 5,837 دیگر خلاف ورزیوں کا سراغ لگا،64 افراد پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 67 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ تحصیل احمدپور شرقیہ میں 5545 انسپیکشنزکے دوران 204 اوورچارجنگ کے کیسز سامنے آئے اور دیگر خلاف ورزیوں کی تعداد 2,816 رہی جبکہ 2,942 دکانداروں کو وارننگ دی گئی،81 دکانداروں پر 2 لاکھ 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 18 افراد گرفتار کیے گئے۔ تحصیل یزمان میں 7,956 انسپیکشنز کے دوران 59 اوورچارجنگ اور 2,749 دیگر خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں،57 افراد پر 68 ہزار 500 روپے جرمانے عائد کیے گئے اور 7 افراد کو گرفتار کیا گیا۔تحصیل حاصل پور میں 1,381 معائنے کیے گئے،82 اوورچارجنگ اور 436 دیگر خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔65 دکانداروں کو 1 لاکھ 21 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا اور 2 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ 42 افراد گرفتار ہوئے جو کہ ضلع بھر میں سب سے زیادہ ہیں۔ تحصیل خیرپورٹامیوالی میں 1,419 انسپیکشنز کیے گئے۔ 39 اوورچارجنگ اور 1,320 دیگر خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔47 افراد پر 76 ہزار 500 روپے جرمانہ لگایا گیا، 1 دکان سیل کی گئی اور 3 افراد گرفتار کیے گئے۔




