
بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت ای بز پورٹل کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں زیرِ التوا درخواستوں پر فوری عملدرآمد کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت دی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر پورٹل پر لاگ اِن ہو کر اپنی متعلقہ درخواستوں کا فوری جائزہ لیں اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ای بز نظام کا بنیادی مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، لہٰذا تمام کارروائیاں بروقت مکمل کی جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر قرۃالعین کے علاوہ میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل کے افسران اور دیگر اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی




