
بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی پر نظر رکھنے اور صاف ستھرے ماحول کے لیے سائنسی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے عباسیہ کیمپس اور بغداد الجدید کیمپس میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی پیمائش کے لیے دو جدید مانیٹرنگ اسٹیشنز نصب کیے ہیں۔ ان مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تنصیب سے بہاولپور میں فضائی آلودگی کا حقیقی ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ میں نصب ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ سٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام حسن عباسی نے ماحولیاتی آلودگی کی پیمائش کے جدید نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کے سائنسدان ماحولیاتی معلومات کو تحقیقی سرگرمیوں کے لیے استعمال کریں اور بہتر ماحول کے لیے موثر کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد ڈاکٹر محمد علی اسسٹنٹ پروفیسر اور انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔




