“Roads Revived, Punjab Prosperous” Program Ushers in a New Era of Development in Bahawalpur

”سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام“ بہاولپور میں ترقی کے نئے دور کا آغاز۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع بہاولپور کے لیے 7 ارب روپے سے زائد کے عوامی منصوبے تیار۔

تحریر: نعمان مسعود خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، بہاول پور ڈویژن

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کے تحت جاری اقدامات نہ صرف بہاولپور بلکہ پورے صوبہ میں عوام کے معیار زندگی میں بہتری اور پائیدار ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے”سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام“کے تحت صوبہ بھر کی طرح خصوصاً جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی اور معاشی استحکام کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ضلع بہاولپور میں 5 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے 1 ارب 29 کروڑ روپے کے اضافی منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ کنوینئر ضلعی رابطہ کمیٹی  و رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور میں منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ”سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام“کے تحت 86 اسکیموں پر کام کیا جائے گا، جن میں 183 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت شامل ہے۔ ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 5 ارب 75 کروڑ 33 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق، اراکینِ صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ، حسن عسکری شیخ، صاحبزادہ گزین عباسی، سید عامر علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فیصل شہزاد، ایکسئین ہائی ویز فرخ ممتاز وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نعمان مسعود خان نے شرکت کی۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مطابق منصوبے مکمل ہونے کے بعد شہری و دیہی آبادیوں کو محفوظ، ہموار اور جدید معیار کی شاہراہیں میسر آئیں گی جن سے عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ علاقائی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ دوسری جانب حالیہ سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں تباہ ہونے والی 57 سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے 1 ارب 29 کروڑ 42 لاکھ روپے کے منصوبے ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تجویز کیے گئے ہیں۔ اجلاس کے کنوینئر  میاں شعیب اویسی نے کہا ہے کہ سڑکوں کی مرمت میں تاخیر عوامی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے، اس لیے فنڈز کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہائی ویز ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ سڑکوں کی تفصیلی فہرست حکومت کو جلد ارسال کی جائے تاکہ عوام کو سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز فرخ ممتاز وڑائچ نے اجلاس کو بتایا کہ 2025 کے شدید سیلاب کے باعث ضلع بھر میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، اور اس کی بحالی کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات لاہور کو تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) برائے مالی سال 2025-26  کا جائزہ بھی لیا گیا ہے جس کے مطابق ضلع بھر میں 87 ترقیاتی منصوبے زیرِ عمل ہیں، جن پر 55 کروڑ 59 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اب تک 12 کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ موجودہ مالی سال کے لیے 9 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور اسکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیرمنظور شدہ منصوبوں کی سمریاں فوری طور پر صوبائی حکومت کو ارسال کی جائیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے تاخیر کا شکار نہ ہوں 

Leave a Comment