
ڈینگی پر قابو پانے کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عامر بشیر
بہاول پور:(نیوز ڈیسک) چیف ایگزیکیٹو آفیسر ڈ سٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں آئس فیکٹری کا دورہ کیا، جہاں ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پائے جانے پر فیکٹری مالک کو موقع پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام صنعتی و تجارتی ادارے ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بدلتے موسم کے باعث ڈینگی کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ اورڈینگی کنٹرول کے لیے فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ضلع میں ڈینگی سرویلنس کومزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اورحساس مقامات پر ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے فوری طور پر سپرے شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی اور رپورٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔، مزید برآں ڈی ایچ او پبلک ہیلتھ ڈاکٹر رانا ارشدنے بہاولپور میں مختلف ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور انسدادِ ڈینگی مہم میں مصروف ٹیموں کو مزید فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی کے لیے خصوصی مہم بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا عوام الناس اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، ٹائروں، ٹینکوں اور برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں، اور ڈینگی سے متعلق کسی بھی مشتبہ جگہ کی فوری اطلاع محکمہ صحت کو دیں۔چیف ایگزیکیٹو آفیسر ڈ سٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عامر بشیرنے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے خصوصی وارڈز مختص کئے گئے ہیں۔جہاں پر ادویات کی فراہمی اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا۔کیونکہ احتیاط ہی ڈینگی سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ ہے انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی #





