
ضلعی انتظامیہ بہاول پور نے ڈینگی مہم کے دوران بوگس کاروائی دکھانے والی ٹیموں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کر دیا۔۔۔۔۔
بہاول پور: 29 / اکتوبر (نمائندہ خصوصی) ضلعی انتظامیہ بہاولپور کے انسدادِ ڈینگی بارے موثر اقدامات۔اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی خلیل احمد کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس میں انسدادِ ڈینگی مہم کی پیشرفت، محکموں کی کارکردگی اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ بہاولپور نے ڈینگی کی بوگس کاروائیاں دکھانے والی ٹیموں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری محکموں کے افسران اپنے اداروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی جگہ ڈینگی لاروا کی موجودگی کی صورت میں فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے ماحول میں پانی جمع نہ ہونے دیں، ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل کریں اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ڈینگی کے خطرے کا مؤثر طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور کی جانب سے انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں فیلڈ سرگرمیاں بھرپور انداز سے جاری ہیں۔ شہر کے تمام حساس مقامات پر گھر گھر ویکٹر سرویلینس، لاروا چیکنگ اور عوامی آگاہی مہم تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بہاولپور ڈاکٹر سید تنویر حسین شاہ نے اس حوالے سے مختلف علاقوں میں جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام محکمے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا کہ شہری ڈینگی ایس او پیز پر مکمل عمل کریں، بصورتِ دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مثبت تعاون سے ہی ڈینگی پر مؤثر طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریوینٹو سروسز ڈاکٹر محمد رانا ارشد نے کہا کہ مثبت لاروا یا کنفرم مریض کے کیس کی اطلاع پر فوری طور پر کیس ریسپانس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرویلینس ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں دوبارہ جا کر معائنہ کریں اور مثبت لاروا کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہیڈکوارٹر نے بھی مختلف علاقوں میں فیلڈ ٹیموں کے دورے کئے اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں مؤثر انداز میں کام کر رہی ہیں اور عوامی تعاون سے ڈینگی کے خطرات پر قابو پایا جا سکتا ہے





