
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی اقدامات
تحریر: نعمان مسعود خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، بہاول پور ڈویژن
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 100 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اب تک ساڑھے 11 ارب روپے براہِ راست سیلاب متاثرین کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے جا چکے ہیں جبکہ 20 ارب روپے بینک آف پنجاب کو مزید ادائیگی کے لیے فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ”وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب متاثرین بحالی پروگرام“ کے تحت خیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچے اور پکے مکانات، فصلوں اور مال مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ باعزت طریقے سے کیا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ متاثرین کو نقصانات کی نوعیت کے مطابق مالی امداد دی جا رہی ہے، جب کہ 50 ہزار روپے نقد رقم اور ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف تمام متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صرف 26 دن کے اندر اندر سیلاب متاثرین کے ازالے کا عمل شروع کرنا حکومتِ پنجاب کی بڑی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے تمام مراحل وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ذاتی نگرانی میں مکمل کروائے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 27 اضلاع کی 72 تحصیلوں میں سیلاب متاثرین کا سروے 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ اگرچہ کہا جا رہا تھا کہ سروے میں چھ ماہ لگیں گے، مگر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسے صرف ایک ماہ میں مکمل کر دکھایا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب احمد بھرتھ، مسلم لیگی رہنما سعود مجید، کمشنر بہاولپور مسرت جبیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین سے جو وعدہ کیا تھا، وہ پورا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 11 میں سے 9 بیراج کی مرمت و بحالی قبل از وقت مکمل کر لی گئی، جس کی وجہ سے سیلاب کے دوران کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔ رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) سعود مجید نے اپنے خطاب کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایماندار اور محنتی وزراء پر مشتمل ٹیم تشکیل دی، جس نے عوامی خدمت کے لیے دن رات کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں یونیورسٹیوں، اسپتالوں، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر منصوبے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی واضح مثالیں ہیں۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق اور کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں نے سیلاب کے دوران پوری جانفشانی سے فرائض منصبی ادا کیے۔ انہوں نے نہ دن دیکھا نہ رات، صرف متاثرین سیلاب کی مدد کو پہنچے۔
تحصیل حاصل پور اور تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب بحالی پروگرام کے تحت امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے حاصل پور اور خیرپور ٹامیوالی تحصیلوں میں متاثرہ عوام کی مدد کے لیے سروے اور امدادی رقم کی تقسیم کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ تحصیل حاصل پور میں کل 115 موضع جات میں سے 7 سیلاب سے متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر 4183 سروے کیے گئے جن میں سے 3707 سروے منظور جبکہ 476 مسترد ہوئے۔ مکانات کے سروے میں کل 602 میں سے 367 منظور اور 235 مسترد ہوئے۔ فصلوں کے سروے میں 3576 میں سے 3329 منظور اور 247 مسترد ہوئے۔ مال مویشیوں کے سروے میں 5 میں سے 2 منظور اور 3 مسترد ہوئے۔ تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں کل 107 موضع جات میں سے 40 سیلاب سے متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر 9432 سروے مکمل ہوئے، جن میں سے 9214 منظور اور 55 مسترد ہوئے۔ مکانات کے سروے میں کل 821 میں سے 763 منظور اور 14 مسترد ہوئے۔ فصلوں کے سروے میں 8610 میں سے 8451 منظور اور 41 مسترد ہوئے۔ امدادی رقم کی تقسیم کیلئے 21 اکتوبر 2025 سے کیمپ سائٹ فعال کر دی گئی ہے اورمجموعی طور پر 3242 مستحقین کو کارڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔





