
بہاول پور:6/ نومبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب کی زیر صدارت پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) سروے سے متعلق اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری پی ایس ای آر سروے کی تازہ پیش رفت اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب نے اجلاس کے دوران 45 فیلڈ ٹیم انومیریٹرز میں ٹیبلٹس اور کٹس تقسیم کیں تاکہ سروے کے عمل کو مزید تیز، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ پنجاب کا یہ اہم منصوبہ صوبے کے تمام خاندانوں کے سماجی و معاشی حالات کا جامع و درست ریکارڈ تیار کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے، تاکہ فلاحی منصوبوں کو زیادہ شفاف، مؤثر اور عوام دوست انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب نے کہا کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا اور عوام کا تعاون اس منصوبے کی کامیابی کی کلید ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاولپور میں 430 ٹیمیں سروے پر کام کر رہی ہیں جبکہ نئے شامل ہونے والے نگرانوں کے بعد ٹیموں کی مجموعی تعداد 475 ہو گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے صوبہ بھر میں بیک وقت جاری ہے اور حاصل شدہ اعداد و شمار کی بنیاد پر حکومتِ پنجاب مختلف فلاحی منصوبے جن میں راشن کارڈ، صحت کارڈ، ہمت کارڈ، کسان کارڈ، لائیو اسٹاک کارڈ، ہارٹ سرجری پروگرام، مینارٹی کارڈ، تعلیمی وظائف، روشن گھرانہ سولر پروگرام، ای بائیک سکیم، دھی رانی جہیز پروگرام، اپنی چھت اپنا گھر سکیم اور آسان کاروبار سکیم کو مزید بہتر حکمتِ عملی کے ساتھ عوام تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ منیجر پی ایس آی آر ڈاکٹر عامر مشتاق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سروے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، درست معلومات فراہم کریں اور اعتماد رکھیں کہ ان کا ڈیٹا حکومتِ پنجاب کی نگرانی میں محفوظ ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) مستقبل میں صوبے کے عوام کے لیے شفاف پالیسی سازی، فلاحی منصوبہ بندی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گی





