
بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے کڈنی سینٹر بہاول وکٹوریہ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی وی ایچ ڈاکٹر فخر عباس اور ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نسیم احمد بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کڈنی ٹرانسپلانٹ یونٹ، ڈائلیسز وارڈ اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور عملے سے گفتگو کرتے ہوئے علاج معالجہ کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ صفائی اور نظم و ضبط کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر فخر عباس نے ڈپٹی کمشنر کو کڈنی سینٹر کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کڈنی سینٹر میں جدیدمشینری کے ذریعے مریضوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور اسپتال کا عملہ دن رات عوامی خدمت میں مصروف ہے۔





