
بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے کارڈیک سنٹر بہاول وکٹوریہ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کارڈیک سنٹر ڈاکٹر گوہر بشیر،ڈاکٹر اسامہ منیربھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے کارڈیک سنٹر کے مختلف شعبوں سی سی یو، آئی سی یو، آئی آئی سی یو، پیڈز وارڈ اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وہاں موجود طبی سہولیات، آلات کی کارکردگی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ وارڈز میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ کی موجودہ صورتحال، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عوام کو بہتر علاج معالجہ فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے




