
بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و ڈیویلپمنٹ سمیرا ربانی نے حاصل پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی حاصل پور میں منعقدہ اجلاس کے دوران کمیٹی کی کارکردگی، وصولیوں اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خورشید احمد، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی حماد حمید، چیف آفیسر ندیم احمد، ویسٹ مینجمنٹ کے تحصیل منیجر اور دیگر افسران شریک تھے۔بعد ازاں انہوں نے میونسپل کمیٹی میں قائم ای۔بزنس سینٹر (eBiz Centre) کا افتتاح کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و ڈیویلپمنٹ سمیرا ربانی نے حاصل پورشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے زیر انتظام پارک کا بھی معائنہ کیا،وہاں پر پودا لگایا اور شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔دورے کے دوران سمیرا ربانی نے”سُتھرا پنجاب“پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




