
بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے خسرہ روبیلا ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں کر دیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی وی ایچ ڈاکٹر فخر عباس اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور ڈاکٹر عامر بشیر بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں بچوں کو خسرہ روبیلا کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے جبکہ انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے گئے۔حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع بھر میں خسرہ روبیلا کی قومی مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پولیو کے انسداد کی سرگرمیاں بھی ساتھ ساتھ جاری رہیں گی اور بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے مطابق ضلع بہاولپور میں 5 لاکھ 71 ہزار 696 بچوں کو خسرہ و روبیلا کی ویکسین لگائی جائے گی، جبکہ پولیو کے ہائی رسک علاقوں میں 1 لاکھ 42 ہزار 23 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔عوامی سہولت کے پیشِ نظر تمام ای پی آئی مراکز روزانہ ویکسینیشن فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر مزید ویکسینیشن مراکز قائم کیے جائیں گے اور خصوصی آؤٹ ریچ ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی۔ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ٹیمیں اسکولوں، مدارس، دیہی و دور افتادہ بستیوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مراکز میں بھی خدمات انجام دیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کی صحت اور مستقبل کے تحفظ کے لیے اس مہم کی کامیابی انتہائی ضروری ہے، والدین اپنے بچوں کو بروقت ویکسین لازماً لگوائیں۔




