
یزمان: ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کا تحصیل یزمان کا ہنگامی دورہ۔ انہوں نے یزمان کے مختلف سرکاری اداروں، عوامی مقامات اور سہولت مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر یزمان ڈاکٹر عمران رفیق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال یزمان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے
یزمان :یکم نومبر( خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کا تحصیل یزمان کا ہنگامی دورہ۔ انہوں نے یزمان کے مختلف سرکاری اداروں، عوامی مقامات اور سہولت مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر یزمان ڈاکٹر عمران رفیق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال یزمان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے وارڈز، آؤٹ ڈور اور ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، صفائی اور ادویات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال یزمان کے سبزہ زار کی صفائی ستھرائی میں بہتری لانے کے خصوصی احکامات بھی دیئے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے سستا بازار یزمان کا معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سمیت معیار کا بھی جائزہ لیا اور دکانداروں کو سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران سبزی منڈی، جنرل بس اسٹینڈ، حافظ کالونی پارک، گلشن پارک، چولستان پارک اور لیڈیز پارک یزمان کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے پارکوں میں صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے قبرستان یزمان کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو فوری طور پر بہتری لانے کے احکامات دیے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز سے ملاقات بھی کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کے ہنگامی دورے کو عوامی حلقوں نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے تحصیل یزمان میں صفائی، صحت اور انتظامی امور میں مزید بہتری آئے گی







